اسلام آباد (این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں 11سوپچپن ارب روپے کی وصولیاں کی ہیں۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے جاری کردہ عبوری اعداد وشمار کے مطابق روان مالی سال جولائی تا فروری کے دروان گیارہ سو پچپن ارب روپے کی محصولات حاصل کی گئیں۔ جو کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے سے چار فیصد زائد ہیں۔رواں مالی سال کے لئے حکومت نے 193 ارب کا ہدف مقرر کیا ہے ۔ اعداد وشمار کے مطابق رواں مالی سال کے باقی چار مہینوں میں ایف بی آر کو مزید ایک ہزار اڑتیس ارب روپے کی وصولیاں کرنی ہیں۔یاد رہے کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں ٹیکس وصولیوں کا سالانہ ہدف 2381 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا جسے بعد میں نظرثانی کر کے 2193 ارب روپے کردیا گیا تاہم گزشتہ 8 ماہ میں سالانہ ہدف کا 52.69 فیصد ہی حاصل کیا جا سکا ہے۔رپورٹ کے مطابق مالی سال کے ختم ہونے میں اب صرف 4 ماہ رہ گئے ہیں اور ان 4 ماہ یعنی مارچ سے جون2013 تک ٹیکس وصولیوں کا سالانہ ہدف حاصل کرنے کے لیے ایف بی آر کو 259.25 ارب روپے ماہانہ کی اوسط سے مزید1037 ارب روپے جمع کرنا ہوں گے۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 8ماہ کے دوران مجموعی ٹیکس وصولیوں میں 4کھرب20 ارب روپے کا انکم ٹیکس، 5 کھرب23 ارب20 کروڑ روپے کا سیلزٹیکس،70 ارب 60 کروڑ روپے کی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور 1 کھرب 41ارب 30 کروڑ روپے کی کسٹم ڈیوٹی شامل ہے۔
ایف بی آر نے 8 ماہ میں 1155 ارب روپے کی وصولیاں کیں
Mar 11, 2013