اسلام آباد(آن لائن) الیکشن کمیشن نے آئندہ انتخابات کیلئے ملک بھر میں پولنگ سٹیشنوں کے قیام کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے۔ ذرائع کے مطابق پولنگ سکیم کی منظوری دے دی گئی ہے جس کے مطابق پنجاب میں 40818 پولنگ سٹیشن، 128577 پولنگ بوتھ قائم کئے جائیں گے جبکہ 2008ءکے انتخابات میں 36598 پولنگ سٹیشن اور 95735 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے تھے۔ 40818 پریذائیڈنگ افسران‘ 257160 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور 128580 پولنگ افسران ہوں گے۔ سندھ میں 15586 پولنگ سٹیشن اور 48850 پولنگ بوتھ قائم کئے جائیں گے جبکہ 2008ءمیں 13406 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے تھے جبکہ 48850 پولنگ بوتھ ہوں گے۔ ماضی کے انتخابات میں یہ تعداد 39329 تھی۔ خیبر پی کے میں 12001 پولنگ سٹیشن قائم ہوں گے۔ 2008ءمیں یہ تعداد 7933 تھی حالانکہ یہاں پریذائیڈنگ افسران کی تعداد 12001‘ اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران 64425 اور پولنگ افسران کی تعداد 34420 ہوگی۔ بلوچستان میں 3783 پولنگ سٹیشن اور 8553 پولنگ بوتھ قائم ہوں گے۔ 2008ءمیں یہ تعداد 3457 اور 8332 تھی۔