واشنگٹن (ثناءنیوز) انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لاہور میں مسیحی برادری کی بستی پر حملہ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور واقعہ کے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جاے۔ ہیومن رائٹس واچ کے ڈائریکٹر علی ایان حسن نے نیو یارک سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت گذشتہ پانچ سالوں سے اقلیتوں کے حوالے سے موجودہ خطرات سے انکار کرتی رہی ہے۔ پاکستان کے وفاقی اور صوبائی حکام امتیازی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے حکام کو اپنے تعصبات ایک طرف رکھ کر مذہبی اقلیتوں کو تحفظ دینا چاہئے جو سنگین خطرات سے دوچار ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیم نے پنجاب حکومت اور مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف پر زور دیا ہے کہ وہ اقلیتی برادری احمدیوں‘ عیسائی اور کمزور گروپوں پر ہونے والے تشدد کی تحقیقات کرائیں۔ توہین رسالت ایکٹ لاچار اقلیتوں کے خلاف استعمال کئے جانے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔