مکہ مکرمہ (مبشر اقبال لون استادانوالہ سے) انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے امیر مرکزیہ فضیلتہ الشیخ مولانا عبدالحفیظ مکی، نائب امیر مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ، الشیخ عبدالصمد، مولانا اسعد محمود اور مولانا عبدالرﺅف نے نظریہ پاکستان کے علمبردار جریدہ نوائے وقت اور دی نیشن کے چیف ایڈیٹر مجید نظامی کو اسلام ملک و ملت، فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے لئے اور فتنہ قادیانیت کی سرکوبی کے لئے ان کی خدمات اور پالیسی پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزنامہ نوائے وقت گروپ کی پالیسی مسلم امہ کے ہر فرد کے دل کی آواز اور ترجمان ہے اور نوائے وقت کے حق و صداقت اور سچ پر مبنی کردار پر علماءمکہ مکرمہ کی دعائیں ان کی طاقت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 73 برسوں میں پاکستان اور عالم اسلام کے جذبات اور احساسات کی نوائے وقت نے جس انداز میں ترجمانی کی وہ روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوائے وقت کے بانی حمید نظامیؒ نے عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لئے بھی بڑا کام کیا خصوصاً قادیانی فتنے کے تعاقب اور سدباب کے سلسلے میں انہوں نے اس کے مربیوں اور اس خود کاشتہ پودے کے کاشتکاروں کو ملک کے کلیدی عہدوں سے ہٹانے کے لئے کھلم کھلا لکھا وہ مسلم امہ کے بہت بڑے محسن تھے جو ایوبی مارشل لاءدور میں گھٹن کا شکار ہو کر اس دنیا سے رخصت ہو گئے لیکن اپنا مشن اور نصب العین مجید نظامی کے سپرد کر گئے اور ان کی ساری زندگی بھی اس جدوجہد سے عبارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حمید نظامیؒ کے بعد نوائے وقت کے انداز اور معیار کو برقرار رکھنا آسان نہیں تھا لیکن مجید نظامی نے وہ انداز اور معیار برقرار رکھا بلکہ اس میں مزید گہرائی پیدا کی اور نظامی صاحب کی قیادت و سیادت میں آج بھی نوائے وقت ملی و نظریاتی اقدار کی پاسبانی کا فریضہ انجام دے رہا ہے اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور فتنہ قادیانیت کی سرکوبی اور ملی و اسلامی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے والی قوتوں کا محاسبہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے زیر اہتمام لاہور ایوان اقبال میں منعقدہ 51ویں سالانہ فتح مباہلہ و ختم نبوت کانفرنس کے موقع پر قادیانی سربراہ مرزا مسرور کے بھتیجے شمس الدین کے اسلام قبول کرنے پر نوائے وقت نے اپنے قیمتی صفحات پر جس طرح نمایاں کوریج دی ختم نبوت موومنٹ ادارہ نوائے وقت کے اس جراتمندانہ کردار پر مشکور ہے۔ نو مسلم مرزا شمس الدین کا اسلام کی ابدی نعمت سے سرفراز ہو کر نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفٰی کی غلامی میں آ جانا اسلام کی عظیم فتح ہے۔ شمس الدین کی حرمین شریفین آمد پر ختم نبوت موومنٹ والہانہ استقبال کرے گی اور انشاءاللہ امام کعبہ سے ان کی دستار بندی کرائی جائے گی۔