لاہور (خبرنگار) سابق وزیر داخلہ، سابق گورنر سندھ جنرل (ر) معین الدین حیدر نے کہا ہے کہ بھارت ایک بڑی طاقت ہے اُسے ذمہ دارانہ روئیے کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہئے۔ بھارتی سیاسی قیادت کو اپنے آرمی چیف کے ایسے بیانات کا نوٹس لینا چاہئے جو دونوں ممالک کے تعلقات کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔ نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دشمن ملک کا جرنیل کسی کے اشارے پر ہی اچھل رہا ہے۔ بھارتی آرمی چیف کا بیان کسی بھی ملک کے فوجی افسر کو زیب نہیں دیتا، حالانکہ ایٹمی قوت ہونے کے باوجود ماضی میں بھی ہم نے بیحد تحمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم بھارت کے کسی بھی ”جارحانہ اقدام“ کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں اور تیاری رکھنی بھی چاہئے۔ مگر بھارت کو بھی ہمسایوں کا خیال رکھنا چاہئے۔ ایک طرف بھارتی قیادت دوستی، باہمی تجارت کی بات کرتی ہے اور دوسری طرف دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کا پرانا طریقہ ہے کہ چھوٹی سی بات پر فوج سرحدوں پر لاکر دباﺅ ڈالتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم وضاحت کر چکے ہیں کہ ہم نے بھارتی فوجی کا گلا نہیں کاٹا ہے مگر وہ بضد ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کو علم ہونا چاہئے کہ ایسی باتوں کا نقصان ہو جایا کرتا ہے۔