اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کوسوو کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ پاکستان کوسوو کے ساتھ سیاسی، تجارتی اور معاشی سطح پر تعلقات کو تقویت دینا چاہتا ہے۔ گذشتہ روز ایوان صدر میں کوسوو کے وزیر خارجہ انور آکساج سے بات چیت کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان اور کوسوو کے تعلقات میں وسعت پیدا کرنے کیلئے پارلیمنٹیرینز، طلبہ اور نوجوانوں کے وفود کا تبادلہ کرنا چاہئے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان کوسوو اور سربیا کے درمیان تنازعہ کا پُرامن حل چاہتا ہے اور اس کی خواہش ہے کہ دونوں ممالک بات چیت کے ذریعے باہمی اختلافات طے کریں۔ صدر نے لندن میں وزیراعظم نواز شریف اور کوسوو کے صدر کے درمیان ملاقات کو انتہائی سودمند قرار دیا۔ صدر نے کوسوو کی صدر کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ کوسوو کے وزیر خارجہ نے صدر اور حکومت پاکستان کی طرف سے گرمجوشی سے استقبال پر شکریہ ادا کیا۔