ملتان (آئی این پی) ملتان کے علاقے طارق آباد میں ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آ کر 2 بچے جاں بحق ہو گئے، لواحقین نے لاشیں سڑک پر رکھ کر خانیوال روڈ کو بلاک کر دیا، مشتعل مظاہرین کی جانب سے توڑ پھوڑ کے بعد ٹریکٹر ٹرالی کو آگ لگانے کی بھی کوشش کی گئی۔ بسم اللہ کالونی کے رہائشی دو خالہ زاد بھائی دس سالہ ناصر خان اور دس سالہ محمد امین خان سائیکل پر طارق آباد سے گزر رہے تھے سامنے سے آنے والی ریت سے بھری ٹریکٹر ٹرالی نے دونوں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں ناصر موقع پر چل بسا امین کو نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس نے ٹریکٹر ڈرائیور کو گرفتار کر کے تھانے میں بند کر دیا۔