کراچی میں تشدد نہ رکا، 5 افراد ہلاک، سینئر وکیل تلمیز برنی اغوا

کراچی (این این آئی+ ثناء نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) 3 باکسروں سمیت ایک خاندان کے  5 افراد کے قتل پر لیاری میں سخت کشیدگی رہی جبکہ کراچی شہر کے مختلف حصوں میں 2 لڑکیوں سمیت 8 افراد کو ہلاک جبکہ سینئر وکیل کو اغوا کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بروہی محلہ میں 10 مسلح افراد نے گھر میں گھس کر 2 سگے بھائیوں سمیت ایک ہی خاندان کے 5 افراد شعیب بلوچ، تاج محمد بلوچ، جاوید بلوچ، محمد اسماعیل بلوچ اور 24 سالہ شاہ فیصل بلوچ کو ہلاک کر کے مقتول تاج محمد بلوچ کے چھوٹے بیٹے آصف بلوچ ولد تاج محمد بلوچ سمیت 2 افراد کو اغواء کر لیا۔ شدید فائرنگ کی بوچھاڑ کی آوازیں سنتے ہی اہل محلہ کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی اور مقتولین کی نعشوں کو فوری طور پر ایمبولینسوں کے ذریعے سول ہسپتال پہنچایا گیا۔ پولیس اور مقتول کے عزیز و اقارب کا کہنا تھا کہ عزیر بلوچ عرف کاموں اور شیراز کامریڈ کے مسلح ساتھیوں نے پانچوں افراد کو گھر سے نکال کر گولیوں کا نشانہ بنایا۔ مقتولین جاوید بلوچ اور اسماعیل بلوچ سگے بھائی تھے جبکہ ان کا بڑا بھائی فدا حسین بلوچ سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کا جنرل سیکرٹری ہے۔ مقتول شعیب بلوچ بھی انٹرنیشنل باکسر بتایا جاتا ہے۔ ادھر ان پانچوں افراد کے قتل میں ملوث کامریڈ شیراز گروپ کا ٹارگٹ کلر ناصر بلوچ مواچھ گوٹھ کے اسی علاقے میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں مارا گیا۔ سپر ہائی وے نیو سبزی منڈی احسن آباد سے 17 سالہ لڑکی کی تشدد زدہ لاش ملی، پولیس کے مطابق لڑکی کو اغواء اور جنسی ہوس کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا اور لاش چلتی گاڑی سے پھینکی گئی۔ مقتولہ نے جینز اور شرٹ پہنی ہوئی تھی تاہم شناخت نہیں ہو سکی جبکہ پاک کالونی تھانے کی حدود گارڈن مدینہ کالونی لیاری ایکسپریس وے کے اوپر سے 18 سالہ لڑکی کی تشدد زدہ لاش ملی۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ کو بھی جنسی ہوس کا نشانہ بنانے کے بعد تشدد کر کے ہلاک کیا گیا، مقتولہ نے بھی جینز اور شرٹ پہنی ہوئی تھی۔ گلبہار کے علاقے سے ایک شخص کی نعش برآمد ہوئی ہے۔ تاحال مقتول کی شناخت نہیں ہو سکی۔ ادھر بنارس پل پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا علاوہ ازیں کراچی ایڈمنسٹریشن سوسائٹی میں کار سوار نامعلوم افراد نے 85 سالہ سینئر وکیل تلمیز برنی کو ان کے گھر کے سامنے سے اغوا کر لیا۔ تلمیز اور ان کی بیٹی اغوا کے ایک مقدمے میں ضمانت پر ہیں۔ سندھ ہائیکورٹ بر نے تلمیز برنی کے اغوا کیخلاف آج منگل کو عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ دوسری طرف پولیس نے حساس اداروں کی مدد سے قیوم آباد میں پولیو ٹیموں پر حملہ کرنیوالوں کا پتہ چلا لیا۔ دونوں ملزموں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور وہ گھروں سے فرار ہوچکے ہیں۔ دوسری طرف رات گئے گلشن اقبال میں ڈسکو بیکری کے قریب فائرنگ سے 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں لیاری کے علاقے دریا آباد میں پولیس کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں گینگ وار کے 2 کارندے صدام اور فیصل مارے گئے ادھر لیاری میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

ای پیپر دی نیشن