الصدر (نوائے وقت رپورٹ+ اے ایف پی) شمالی کورین کمپنی کے بحری جہاز پر لیبیا میں باغیوں نے قبضہ کرلیا۔ 6 پاکستان، 6 بھارتی، 2 سوڈانی، 2 شامی، 3 سری لنکن اور 2 افریقی باشندوں سمیت 21 افراد کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنالیا۔ کپتان مرزا نعمان بیگ اور سیکنڈ افسر سید محمد مہدی ہیں۔ جہاز 8 مارچ کو لیبیا کے آئل ٹرمینل الصدر پہنچا تھا۔ جہاز میں ساڑھے 3 کروڑ ڈالر کا ساڑھے 3 لاکھ ٹن تیل ہے۔ باغیوں نے جہاز کے عملے پر تشدد کیا اور زبردستی غیر قانونی تیل لوڈ کرا دیا اور من پسند جگہ لے جانے کیلئے دھمکیاں دیں۔ لیبیائی نیوی نے جہاز کا راستہ روکنے کیلئے 13 جنگی کشتیاں تعینات کردیں۔ کپتان کے والد نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ حکومت نے جہاز کو پورٹ سے نکلنے پر تباہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔ ادھر لیبیا کی پارلیمنٹ نے باغیوں کیخلاف فوجی کارروائی کی منظوری دیدی۔ جنرل نیشنل اسمبلی کے صدر نے فرمان جاری کر دیا جس کے مطابق ایک ہفتے تک کارروائی کی جائیگی۔