لاہور+ قصور (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار) لاہور میں ڈکیتی و چوری کی متعدد وارداتوں کے دوران ڈاکوؤں اور چوروں نے شہریوں کو لاکھوں روپے کی نقدی، زیورات،کاریں اور موٹر سائیکلوں سمیت دیگر قیمتی سامان سے محروم کر دیا جبکہ شمالی چھاؤنی کے علاقہ میں گھریلو ملازم نے زیورات نوچنے کے دوران مزاحمت پر مالکن کو قتل کر دیا۔ معلوم ہوا ہے 81 آفیسر کالونی میں گھر کے ملازم رفیق نے 55 سالہ مالکن گلشن زہرہ بخار کا گلہ دبا کر قتل کر دیا اور گھر میں موجود لاکھوں کے زیورات، نقدی اور قیمتی سامان لے گیا۔ پولیس نے مقتولہ کی بہن نازمین زہرہ کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ نصیر آباد میں ڈاکوؤں نے انس کے گھر گھس کر اہلخانہ کو ایک کمرے میں بند کر کے 7 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کی نقدی، موبائل، طلائی زیورات، مغلپورہ میں مسلح ڈاکوؤں نے سعید کے گھر گھس کر اس کے اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 6 لاکھ 20 ہزار روپے کی نقدی، زیورات و موبائل لوٹ لئے۔ گلشن اقبال میں ڈاکوؤں نے طاہر اور اس کے اہلخانہ سے 5 لاکھ 45 ہزار روپے کی نقدی، زیورات اور موبائل، باغبانپورہ میں ڈاکوؤں نے ناظم اور اس کی فیملی سے 4 لاکھ 50 ہزار روپے کی نقدی، زیورات اور موبائل چھین لئے۔ جوہر ٹاؤن میں مسلح ڈاکوؤں نے فضائل سے 3 لاکھ 27 ہزار روپے مالیت کی نقدی و سوزوکی مہران چھین لی۔ ستوکتلہ میں ڈاکوؤں نے ظفر سے 3 لاکھ 70 ہزار روپے مالیت کی نقدی و زیورات، مسلم ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے دانیال سے 1 لاکھ 40 ہزار روپے مالیت کی نقدی و موبائل، باغبانپورہ میں ڈاکوؤں نے جعفر سے 45 ہزار روپے کی نقدی و موبائل، ستوکتلہ میں سلمان سے 15 ہزار روپے نقدی و موبائل، سٹی رائیونڈ میں عبدالجبار سے 35 ہزار و موبائل چھین لئے۔ سول لائن میں یعقوب، ریس کورس میں منصور اقبال، اسلام پورہ میں اکمل، اقبال ٹاؤن میں زاہد کی گاڑیاں جبکہ شادباغ میں اسامہ، وحدت کالونی میں عظیم، اسلام پورہ میں نوید، ریس کورس میں عمیر، گجرپورہ میں شاہد، مسلم ٹاؤن میں فرید کی موٹرسائیکلیں چوری کر لی گئیں۔ علاوہ ازیں قصور میں ڈکیتی، راہزنی کی متعدد وارداتوں میں ڈاکو 15لاکھ سے زائد مالیت کے طلائی زیورات،نقدی رقم،موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان چھین کر لے گئے ڈاکوؤں کے ہاتھوں لٹنے والوں میں اسسٹنٹ کمشنر یوٹی محمد شاہد ملک بھی شامل ہیں۔ پرانی منڈی پتو کی میں عبدالوحید کے گھر داخل ہونیوالے 5 نقاب پوش ڈاکوؤں نے اہل خانہ کو یرغمال بنا کرگھر میں پڑے ہوئے22تولے طلائی زیورات اور 90 ہزار روپے کی نقدی رقم کے علاوہ دیگر گھر کا قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے اسی طرح تھانہ بی ڈویژن کے علاقہ غلام ہوٹل کے قریب اسسٹنٹ کمشنر یوٹی محمد شاہد ملک ہوٹل سے کھانا کھا کر واپس ریسٹ ہاؤس کی جانب جا رہے تھے راستہ میں ڈاکوؤں نے ان سے11ہزار روپے اور دیگر دوسری دستاویزات چھین لیں اور فرار ہو گئے جبکہ شاہ عنایت کالونی میں خواجہ نسیم الحسن کے گھر میں داخل ہونیوالے 3ڈاکوؤں نے اہل خانہ کو یرغمال بنایا موبائل فون چھینا اور ڈیرھ تولے طلائی زیورات اور گھر کا دیگر قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے ۔پولیس مصروف تفتیش ہے۔
شمالی چھاؤنی: ملازم نے زیورات نوچنے کے دوران مزاحمت پر 55 سالہ مالکن کو قتل کر دیا
Mar 11, 2014