لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما ق لیگ چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے ق لیگ کی تنظیم نو میں وکلاء برادری ہماری جماعت کے ساتھ ایک بار پھر بھرپور وابستگی کا اظہار کر رہی ہے جو نہایت خوش آئند ہے۔ وہ راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر راجہ محمد ناصر کی سربراہی میں وکلاء کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے وفد نے چودھری شجاعت کی جانب سے ظہرانے میں بھی شرکت کی۔ وفد میں عبد الرشید، سابق ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شفقت منیر اور دیگر بھی شامل تھے جبکہ اس موقع پر ق لیگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مشاہد حسین سید، مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر کامل علی آغا، سینئر نائب صدر پنجاب محمد بشارت راجہ اور صدر راولپنڈی راجہ ناصر بھی موجود تھے۔ چودھری شجاعت نے مزید کہا وکلاء برادری کے ساتھ ہمارا شروع سے قریبی تعلق رہا ہے اور ہم نے موقع ملنے پر ہمیشہ ان کی فلاح و بہبود کیلئے مثالی اقدامات کیے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پنجاب بار کونسل اور وکلاء کی ضلعی تنظیموں کے انتخابات میں ہماری جماعت کے حمایت یافتہ امیدواروں کی کامیابی ہماری جماعت اور وکلاء برادری کے اتحاد کی مظہر ہے۔ پرویزالٰہی نے کہا پنجاب میں ہمارے دور میں عوام کو سستے و فوری انصاف کی فراہمی اور وکلاء کی فلاح و بہبود کیلئے بلاامتیاز اقدامات کئے گئے۔ پورے صوبہ میں تحصیل سے لے کر ہائیکورٹ تک تمام بار ایسوسی ایشنز کو بلاتفریق گرانٹ ان ایڈ دی جاتی رہی۔ مقدمات کے جلد فیصلوں کیلئے ہم نے پنجاب میں پبلک پراسکیوشن قائم کی جس سے وکلاء کیلئے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے۔ انصاف تک رسائی پروگرام کے تحت پنجاب میں نئی جیلوں کی تعمیر اور قیدیوں کو سہولیات کی فراہمی کے علاوہ نئے جوڈیشل کمپلیکس بھی تعمیر کئے گئے۔