لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور کی بینکنگ عدالت نے بینک فراڈ کیس میں ون پاونڈ فش گانا گاکر شہرت پانے والے شاہد نذیر پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے گواہوں کو 9 اپریل کو شہادت کیلئے طلب کر لیا۔ پیرکولاہور کی بینکنگ کورٹ نے ون پاونڈ فش فیم شاہد نذیر کے خلاف 60 لاکھ روپے کے چیک بائونس ہونے کے کیس کی سماعت کی۔ بینکنگ عدالت کے روبرو شاہد نذیر نے عدالت کو آگاہ کیا ان کے موکل نے نجی بینک سے 60 لاکھ روپے کا قرضہ حاصل کیا اور اپنے ذمہ واجب الادا اقساط مقرر کردہ اوقات میں ادا کرنا چاہتا ہے مگر بینک نے انکی ساکھ خراب کرنے کے لئے ناجائز مقدمہ درج کرا دیا۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ تفتیشی افسر نے تفتیش مکمل کر کے رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی ہے لہٰذا شاہد نذیر پر فرد جرم عائد کی جائے جس پر عدالت نے گلوکار شاہد نذیر پر فرد جرم عائد کردی۔