اسلام آباد( آن لائن )وفاقی حکومت نے اسلحہ کے درآمد ی عمل میں بے ضابطگیوںاور خامیوں کو دور کرنے کیلئے نیا میکانزم متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت لیٹر آف کریڈٹ (ایل سی ) کیساتھ درآمدی اسلحہ کی تعداد کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت تجارت اسلحہ کی درآمد کیلئے پرانا میکانزم ختم کرکے نیا میکانزم متعارف کرنے والی ہے تاکہ اسلحہ کی درآمدی عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ ذرائع کے مطابق اسلحہ درآمد کنندگان کی طرف سے جعلی ایل سیز اور مالیت(ویلیو) کی بنیادپر اسلحہ درآمد کرنے کا ہمیشہ غلط استعمال کیا گیا اور وزارت تجارت کے بعض افسروں کی مبینہ ملی بھگت سے جعلی این او سی جاری ہوتے رہے ہیں تاہم نئے میکانزم سے اب اسلحہ کی درآمد میں بے ضابطگیوں اور خامیوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ ذرائع کے مطابق سابق دورحکومت میں اسلحہ ڈیلروں کو درآمد کیلئے بنک کی ایل سی کھولنا لازمی تھا جبکہ موجودہ حکومت نے سابق حکومت کے طے کردہ معیار کو ختم کرکے ایل سی کے ساتھ درآمدی اسلحہ کی تعداد کو بھی لازمی قرار دیا ہے جس سے بے ضابطگیوں کو کنٹرول کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔