اسلام آباد (وقائع نگار+ نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) عبدالرشید غازی قتل کیس کی ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں سماعت ہوئی، پرویز مشرف پھر پیش نہ ہوئے۔ عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے جبکہ عدالت نے پرویز مشرف کی حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست بھی مسترد کردی اور پرویز مشرف کو 2 اپریل کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے پرویز مشرف کی حاضری سے مستقل استثنیٰ کیلئے طلبی اور عدالتی دائرہ اختیار کیخلاف دائر تینوں درخواستیں مسترد کردیں۔ عدالت نے کہا کہ بار بار احکامات کے باوجود سابق صدر پیش نہیں ہوئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق اسد ایڈووکیٹ نے کہا کہ عدالت نے شدید دباؤ کے باوجود بھی انصاف کے تقاضے پورے کر دئیے ہیں۔ اختر شاہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم عدالت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں پرویز مشرف کے طبی معائنے کے لئے میڈیکل بورڈ کا اجلاس ہوا۔ پرویز مشرف میڈیکل بورڈ اجلاس میں شریک نہ ہوئے۔ 10 رکنی ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ سندھ حکومت نے بلوچستان ہائیکورٹ کے حکم پر تشکیل دیا ہے۔