لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش‘ بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی

لاہور، کراچی، کوئٹہ (نیوز ایجنسیاں، نوائے وقت رپورٹ) لاہور کے مختلف علاقوں سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ بلوچستان میں بادل جم کر برس رہے ہیں جس کے بعد ندی نالوں میں طغیانی ہے جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے ایمرجنسی سنٹر اور کنٹرول روم قائم کر دیے گئے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ سندھ میں دادو، پڈعیدن سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں تیسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ خضدار اور ملحقہ علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہو رہی ہے جس سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے۔ کئی مقامات پر سڑکیں بہہ گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج جمعہ سے خیبر پی کے، پنجاب اور کشمیر میں بھی تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات خیبر پی کے نے صوبے میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ پشاور میں آج سے بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز سے صوبہ بھر میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے جو ایک ہفتہ تک جاری رہیں گی۔ بالخصوص مالا کنڈ ریجن میں میں زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی۔ کراچی میں بارش نے پیش نظر رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ اتوار کو پوٹھوہار میں ژالہ باری اور بارش کا امکان ہے۔ ہفتے کو مری ایبٹ آباد اور سوات میں بارشوں کا امکان ہے۔ چمن میں تیز بارش سے شہر کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ چمن میں شہر کے نواحی علاقوں میں سیلابی ریلا داخل ہو گیا۔ برساتی ریلے سے بجلی، ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کا نظام متاثر ہوا۔

ای پیپر دی نیشن