لاہور (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے قائداعظم ایپرل پارک کا منصوبہ ٹیکسٹائل اور گارمنٹس سیکٹر کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا اور یہ منصوبہ مکمل ہونے سے لاکھوں افراد کو روزگار کے نئے مواقع ملیں گے لہذا اس منصوبے کو پیشہ ورانہ انداز سے آگے بڑھایا جائے اور تمام متعلقہ محکمے و ادارے باہمی کوآرڈنیشن کیساتھ کام کریں۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار سول سیکرٹریٹ میں ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں قائداعظم ایپرل پارک کے منصوبے کے مختلف امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا اس منصوبے میں لیبر کالونی اور سٹیٹ آف دی آرٹ سکل ڈویلپمنٹ سینٹر بھی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کے بعض امور میں تاخیر پر متعلقہ حکام کی سرزنش کرتے ہوئے کہا اس اہم منصوبے میں تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں، سٹیئرنگ کمیٹی منصوبے پر پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لے کر خود فیصلے کرے۔ مجھے صرف کام اور نتائج چاہئیں۔ انہوں نے ہدایت کی سکل ڈویلپمنٹ سینٹر کے منصوبے کا ڈیزائن جلد تیار کیا جائے۔ علاوہ ازیں رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا پاکستانی خواتین باصلاحیت اور محنتی ہیں جنہوں نے عزم و ہمت سے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ حکومت پنجاب نے خواتین کو ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ حکومت کے تحت کام کرنے والے تمام فیصلہ ساز بورڈز اور کمیٹیوں میں خواتین کو 33فیصد نمائندگی دی گئی ہے۔ سرکاری ملازمتوں میں خواتین کا کوٹہ5فیصد سے بڑھا کر 15فیصد کیا گیا ہے اور ملازمت پیشہ خواتین کی سہولت کے لئے پنجاب کے مختلف اضلاع میں ورکنگ ہاسٹلز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ خواتین کو معاشی استحکام کے لئے پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے تحت فنی تربیت کے کورسز کرائے جا رہے ہیں اور خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کیخلاف تشدد کی روک تھام کیلئے صوبے بھر میں مراکز قائم کئے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا ملک کو بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے مرد وخواتین کو ملکر آگے بڑھنا ہے اور غربت و جہالت کے خاتمے کے سفر کوتیزی سے طے کرنا ہے۔ خواتین کو ترقی کے عمل میں شامل اور جائز مقام دیئے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔ وقت کا تقاضا ہے عملی میدان میں خواتین کی شمولیت یقینی بنائی جائے اوران کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جائے اور اسی مقصد کیلئے حکومت نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں خواتین کی ترقی اوران کی فلاح و بہبود کیلئے تاریخ ساز اقدامات کیے ہیں ۔ پنجاب حکومت نے جنوبی ایشیا کی پہلی صنفی مساوات (جینڈر پیریٹی) رپورٹ 2016 شائع کی ہے جس کی روشنی میں خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے تاکہ خواتین معاشرے کا فعال حصہ بن کر معاشی و سماجی ترقی کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کر سکیں۔ پاکستان کی خواتین باہمت ،باصلاحیت اور محنتی ہیں اور قومی تعمیر کے شعبوں میں ان کی کارکردگی لائق تحسین ہے اور پاکستان کو آگے لیجانے کیلئے خواتین کو عملی میدان میں بھر پور کردارادا کرنا ہوگا اور اپنے علم کے ذریعے پاکستانی معاشرے کو آگے لیجانا ہوگا۔ خواتین کو بااختیار کر کے اور ترقی کے یکساں مواقع دے کر ہی پاکستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنایا جاسکتا ہے۔ایم این اے شائستہ پرویز ملک نے شہبازشریف کی قیادت میںخواتین کو بااختیاربنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے تاریخ ساز اقدامات پرمبارکباد پیش کی اورکہا پنجاب حکومت نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانون سازی کرکے مستحسن اقدام کیا ہے۔مزید برآں شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کے عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی، سرکاری محکموں کی استعداد کار میں اضافے اور سماجی شعبوں کی بہتری کے حوالے سے متعدد تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا- اجلاس کے دوران ملکی و غیر ملکی ماہرین معاشیات کی سماجی شعبوں کی بہتری ، وسائل میں اضافے ، ٹیکس نظام کو بہتر بنانے اور عوام کو اچھی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے مختلف ریسرچ پر تبادلہ خیال بھی ہوا- وزیر اعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا صوبے کے عوام کو ہرسطح پر بہترین خدمات کی فراہمی کے لئے کئی بنیادی اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں - تعلیم اور صحت کے شعبوں میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں- معیاری تعلیم ہربچے کا حق ہے اور پنجاب حکومت فروغ تعلیم پر اربوں روپے کے وسائل صرف کر رہی ہے - پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے مستحق اور ذہین طلباء و طالبات کو اعلی تعلیمی اداروں میں حصول تعلیم کے لئے سکالرشپ دیئے جا رہے ہیں- صوبے میں ای گورننس کے فروغ کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں- انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے نہ صرف عوام کو اچھی خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکتی ہے بلکہ سرکاری اداروں کی کارکردگی میںبھی اضافہ کیا جا سکتا ہے- وزیر اعلی نے کہا عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی، وسائل کے درست اور بروقت استعمال کے لئے بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے جدت لانا ہو گی اور ماہرین معاشیات کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات کی روشنی میں پالیسی گائیڈ لائن کی تیاری میں مدد ملے گی- شہباز شریف نے ملتان میں نجی ٹی وی کی ٹیم پر تشدد کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او ملتان سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ میں ملوث ملزموں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔