لاہور (نامہ نگاران)کندیاں، ڈونگہ بونگہ ، وہاڑی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ جاری، کاروبار زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ واپڈا نے کندیاں اور گرد و نواح میں شام اور رات کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ شروع کر دی طلبا و طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ واپڈا نے گذشتہ چار ہفتوں سے شام 6.30 سے7.30 تک اور9.30 سے10.30تک لوڈ شیڈنگ شروع کر رکھی ہے جبکہ ان اوقات کے علاوہ رات کو اکثر اوقات بجلی اچانک بند ہوجاتی ہے جوکئی کئی گھنٹے غائب رہتی ہے۔جہاں شہریوں کی زندگی درہم برہم ہوجاتی ہے وہاں طالبعلموں کو بھی شدید مشکلات پیش آتی ہیں۔ محکمہ واپڈ اکی طرف سے رات کے اوقات میں طویل دورانیہ کی لوڈشیڈنگ سے علاقہ بھر کے طلبا ء و طالبات اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہیں شہریوں اقبال خان، چوہدری انور، حبیب اللہ، ضمیر ساجد، محمد ریاض،چوہدری محمد اکرم، نجیب اللہ خان، غلام یاسین و دیگر نے محکمہ واپڈا کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے امتحانی ایام کے دوران بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے تاکہ طلباء و طالبات اپنی پڑھائی پر پوری توجہ دے سکیں۔ علاوہ ازیں ڈونگہ بونگہ میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو ہو گیا لوگوں کا کاروبار زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا، مزدور محنت کش طبقہ بیروزگار، فاقہ کشی کا شکار اور عوام کوپینے کے پانی کی شدید قلت کا سامن حکومت نوٹس لے۔علاوہ ازیں وہاڑی شہر اور گردو نواح میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بڑھنے لگا جس کی وجہ سے صارفین پریشان ہوگئے اور تاجروں کے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے جس پر عوامی و سماجی حلقوں نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے خاتمہ کا مطالبہ کیا ہے۔