دمشق (این این آئی)ترجمان داعش نے اپنے وزیرجنگ ابو عمر الشیشانی کی ہلاکت کی تردید کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ زخمی ہیں اورایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں ۔ان کی حالت پہلے سے قدرے بہتر ہے ،میڈیارپورٹس کے مطابق داعش نے ایک جہادی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے ایک بیان میں کہاکہ الشیشانی کو امریکی لڑاکا طیاروں اور بغیر پائیلٹ جاسوسی طیاروں نے مشترکہ کارروائی میں شامی شہر الشدادی کے قریب نشانہ بنایااوروہ اس حملے میں شدید زخمی ہوئے تاہم ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اوروہ صحتیابی کی طرف گامزن ہیں،اس سے قبل امریکی وزارت دفاع نے بتایاتھا کہ الشیشانی کو اس علاقے میں 'داعش' کے جنگجو کی ہمت افزائی کے لئے بھیجا گیا تھا کیونکہ انہیں امریکا اور عرب اتحادیوں کی حمایت یافتہ فورسز کے ہاتھوں مسلسل پسپائی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ انتہا پسند تنظیم نے گزشتہ مہینے الشدادی کا کنڑول حاصل کر لیا تھا۔پینٹاگان کے ترجمان پیٹر کک نے بتایا کہ امریکی فوج اب بھی اپنی کارروائی کے نتائج کا جائزہ لے رہی ہے، تاہم حکام کے مطابق یہ کارروائی انتہائی اہمیت کے حامل نتائج لائی ہے۔
ہمارے وزیرجنگ ابوعمرالشیشانی زندہ ہیں:داعش
Mar 11, 2016