اسلام آباد(آئی این پی)چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ جمہوری سپاہیوں کو ”یادگار جمہوریت“ پر سلام پیش کرنے کے بعد ہی کوئی غیر ملکی وفد پارلیمنٹ آسکے گا، ریاست نے جمہوریت کےلئے سڑکوں پر جان دینے ، عقوبت خانوں میں تشدد برداشت کرنے ، پھانسیاں چڑھنے اور شاہی قلعہ لاہور میں پابند سلاسل رہنے والوں کی قربانیوں کو جان بوجھ کر نظر انداز کر رکھا ہے،یہاں تک کہ نصاب میں بھی جمہوری قربانیوں کا تذکرہ موجود نہیں ہے ، پارلیمنٹ میں آنے والی ہر غیر ملکی شخصیت پہلے یادگار جمہوریت پر پھول چڑھائے گی ،بعد میں پارلیمنٹ کا دورہ کر سکے گی۔ وہ جمعہ کو سینیٹ آف پاکستان کی 2016-17کی کارکردگی رپورٹ کے اجراءکے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ پارلیمنٹ کے اختیارات پر بات ہوتی رہے گی اور ہم اداروں کے استحکام میں پیش رفت کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے باہرہونے والے واقعہ پرشرمندہ ہوں اورہمیں پارلیمنٹ میں اپنے رویئے جمہوری اوربرداشت والے بنانا ہوں گے،جب ہم آئے تھے توبڑی جماعتیں ایک دوسرے سے بات بھی نہیں کرتی تھیں لیکن ہم اب بھی جمہوریت کو اور مستحکم کریں گے۔ رضا ربانی کی جمہوریت کے لیے قربانیاں مجھ سے زیادہ ہیں۔ گزشتہ روزپارلیمنٹ کے باہرہونے والے واقعہ سے ان قوتوں کے ہاتھ مضبوط ہونگے جو جمہوریت کو طاقت میں نہیں دیکھنا چاہتے، ہمیں پارلیمنٹ میں اپنا رویہ جمہوری کرنا پڑے گا، ہمیں اپنے آپ کو اس پارلیمنٹ کا اہل بنانا ہو گا۔