گوجرانوالہ: سکول ٹیچر پر اغواءکے بعد تشدد، سر کے بال، بھنویں مونڈ ڈالیں

Mar 11, 2017

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) طالب علم کی شکایت پر غنڈہ عناصر کا ٹیچر کو اغوا کر کے تشدد، سر کے بال اور بھنویں مونڈھ ڈالیں جس پر اساتذہ نے احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ محمد مشتاق شہید ہائی سکول بُچہ چٹھہ کے پی ٹی ٹیچر عمر بلال نے سکول کے آٹھویں کلاس کے طالبعلم عمار ناصر کو علاقہ کے اوباش نوجوانوں رضوان چٹھہ، عثمان چٹھہ وغیرہ کے ڈیرے پر جانے سے منع کرتے ہوئے پڑھائی پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔ یہ بات طالبعلم نے رضوان چٹھہ وغیرہ کو بتائی جس پر اوباش افراد نے سکول سے چھٹی پر گھر جاتے ہوئے پی ٹی ٹیچر عمر بلال کو اغوا کر لیا اور ڈیرے پر لیجا کر وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اس کے سر کے بال اور بھنویں مونڈھ ڈالیں۔ اطلاع ملنے پر سکول کے ٹیچرز نے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر غنڈہ عناصر کیخلاف کارروائی کے مطالبات درج تھے۔ ہیڈ ماسٹر حافظ سلیمان کا کہنا ہے ملزمان دیگر اساتذہ کو کارروائی کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں تاہم ٹیچر کی جانب سے کارروائی کی درخواست پر علی پور چٹھہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ایک ملزم عثمان چٹھہ کو گرفتار کر لیا۔ 

مزیدخبریں