حیدر آباد (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کے وفاقی حکومت کے اعلانات پر پھٹ پڑے۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ شکر ہے وزیراعظم کو اقتدار کے آخری سال سندھ یاد آگیا۔ اب آسرا نہ دیں منصوبوں پر پیسے بھی لگائیں، سیہون کے قریب ہونے کے باوجود وزیراعظم مزار پر نہیں گئے۔ میاں صاحب کے ڈرامے اب نہیں چلیں گے، سارا مال لاہور کو اور ہمیں صرف آسرا، ہمیں آسرے میں نہ رکھیں، سندھ والے ڈرامے سمجھ گئے۔ ینگ ڈاکٹرز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کیا ہوا، لگتا ہے حکومت نے ایٹم بم بنا دیا ہے۔ کرکٹ مقابلہ کیا ہوا لگتا ہے ملک کے سارے مسائل ختم ہوگئے۔ چوہدری نثار ان لوگوں میں سے ہیں جو صرف موضوع بن کر رہنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا مخدوم خاندان پیپلزپارٹی کا حصہ ہے، مشکل حالات میں بھی ساتھ دیا۔ ان کا کہناتھاکہ عدالتی نظام کو ڈسٹرب نہیں کرنا چاہتے لیکن پھر بھی کڑوا گھونٹ پیا، انصاف کے تقاضے طے کئے جائیں۔ فوجی عدالتوں کا شیڈول ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کوئی جیتے یا نہیں، عدالت کو جیتنا چاہئے۔ پانامہ میں سب ہوگیا اب ہماری جان چھوڑیں۔
سارا مال لاہور کو ہمیں صرف آسرا منصوبوں پر پیسے بھی لگائیں، چانڈیو وفاقی حکومت کے اعلانات پر پھٹ پڑے
Mar 11, 2017