اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ خواتین کیلئے اس قسم کی زبان مناسب نہیں یہ واقعہ نہیں ہونا چاہیے تھا، انہوں نے کہا کہ جاوید لطیف کے بیان کی مذمت کرتی ہوں، خواتین کیلئے ایسا بیان ناقابل قبول ہے، جاوید لطیف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اس پر بات کر چکے ہیں انہوں نے کہا ہے کہ میں نے غلط کہا اس پر معافی بنتی بھی تھی میں کہنا چاہتی ہوں کہ چھوٹے اور بڑے کی تمیز ہوتی ہے جو ہمارا معاشرہ سکھاتا ہے آپ نے دیکھا کہ فوٹیج میں مراد سعید کیا کر رہے ہیں رات کو عمران بیان دیتے ہیں کہ میں ہوتا تو اور آگے تک جاتا پارٹی ہیڈ کو ایسے واقعات پر حوصلہ افزائی کی بجائے مسئلے کو حل کرنا چاہیے۔ دریں اثنا وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں تبدیلی کی بلندیوں کو چھو رہا ہے، جمہوری حکومت اپنے شہریوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں موجود مختلف مشنز کے سفارتکاروں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت اطلاعات اپنے فنکاروں اور دستکاروں سے رابطے کر کے اپنی بھرپور ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے بھی عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز، طارق فاظمی اور ڈی جی آئی ایس پی آر کے علاوہ سیکرٹری اطلاعات شعیب صدیقی، پی آئی او رائو تحسین علی خان اور وزارت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ کے سینئر افسر بھی موجود تھے۔