عالمی برادری دہشتگردی، سمگلنگ کے خاتمے، امن کیلئے افغانستان کی مدد کرے: چین

Mar 11, 2017 | 20:34

ویب ڈیسک

 چین نے عالمی برادری پرزور دیا ہے کہ وہ قومی سلامتی اوردفاع کی استعداد میں اضافے اور ملکی سلامتی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے افغانستان کی مدد کرے ، دہشتگردی، روایتی جرائم اور سمگلنگ سے موثر طورپر نمٹنے کیلئے افغانستان کی دفاعی صلاحیت کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں علاقائی ممالک اور شنگھائی تعاون تنظیم جیسی تنظیموں کو سلامتی کے معاملات پر تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ یہ بات اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں چین کے مستقل نائب نمائندے وو ہٹاﺅ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا قومی مفاہمتی عمل میں پیشرفت ہی افغانستان کے طویل المیعاد امن کی ضمانت ہو سکتی ہے۔ عالمی برادری کو افغانستان کی مختلف جماعتوں کے درمیان جاری مفاہمتی عمل کی بھرپور مدد کرنی چاہئے تا کہ بلاتاخیر یہ مذاکرات کامیاب ہو سکیں۔ انہوں نے کہا عالمی برادری کو افغانستان کی حکومتی صلاحیتوں اور ملک کے اتحاد اور ترقی کیلئے تعاون کرنا چاہئے ۔ انہیں افغانستان کے عوام کی آزادی جو انہوں نے سیاسی نظام اور ترقی کے راستے پر چل کر حاصل کررہے ہیں اس کا حقیقی طورپر احترام کرنا چاہئے۔ چین افغانستان میں امن، سلامتی، استحکام اور ترقی کے جلد حصول کا خواہش مند ہے اور اس کے لئے مسلسل کوششیں کرتا رہے گا ۔

مزیدخبریں