پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو شکست دیدی

Mar 11, 2018

دبئی (سپورٹس رپورٹر )پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو شکست دیدی۔ جو ڈینلی اور بابر اعظم کی عمدہ کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو فتح کیلئے 189 رنز کا ہدف دیا ۔ملتان سلطان کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ لینڈل سمنز صرف تین رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد ڈینلی کا ساتھ دینے بابر اعظم آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے رواں ایونٹ کی سب سے بڑی شراکت قائم کرتے ہوئے دوسری وکٹ کیلئے 118 رنز جوڑ کر بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی۔ ڈینلی نے جارحانہ انداز اپنایا اور 55 گیندوں پر دو چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 78 رنز کی اننگز کھیلی۔بابر اعظم نے بھی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور 39 گیندوں پر 58 رنز بنانے کے بعد ہرڈس ولجوئن کی وکٹ بنے۔اختتامی اوورز میں کولن انگرام نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چار چھکوں کی مدد سے آٹھ گیندوں پر 29 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت کراچی کنگز نے رواں سیزن کا سب سے بڑا مجموعہ سکور بورڈ کی زینت بنایا۔کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کو 41رنز کا آغاز ملا تاہم بعد میں آنے والے بلے باز یکے بعد پویلین لوٹتے رہے اور ٹیم ہد ف حاصل کرنے میں ناکام رہی ۔ کمار سنگاکار اٹھارہ ‘احمد شہزاد چوبیس ‘صہیب مقصود گیارہ ‘کپتان شعیب ملک چھ ‘کیرن پولارڈ تین ‘سیف بدر تیرہ ‘ول جوئن دو ‘عمران طاہر دو ‘جنید خان ایک رن بناکر آﺅٹ ہوئے ۔ سہیل تنویر نے جارحانہ بلے باز کی کوشش کی تاہم تب وقت گزرچکا تھا ۔ وہ 34رنز پر ناقابل شکست رہے ۔ جنید خان ایک اور محمد عرفان چھ رنز بناسکے۔ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 125رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔ شاہد آفریدی نے تین محمد عرفان جونیئر نے دو ‘عما د وسیم ‘محمد عامر اور عثمان خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ ڈینلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔پشاور زلمی نے کوئٹہ کیخلاف ڈیوائن سمتھ 49،محمد حفیظ 31،کپتان ڈیرن سیمی کے ناقابل 35 اور رکی ویسلز کے ناٹ آﺅٹ 31رنز کی بدولت مقررہ 20اوورز میں 5وکٹ پر 157رنز بنائے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہدف4وکٹوں پرپورا کرلیا ۔ اسد شفیق اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیااورپہلی وکٹ پر 30رنز کی شراکت قائم کی۔اسدشفیق 9رنز بناکر حسن علی کا پہلا شکار بنے،30 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد پیٹرسن میدان میں اترے۔ دوسری وکٹ 54 کے سکور پر گری ،1چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنانے والے واٹسن کو عمیدآصف نے کامران اکمل کی مدد سے قابو کیا۔پشاور زلمی کے لئے تیسری وکٹ 69رنز پر گری ،2چھکے لگا کر 21رنز بنانے والے پیٹرسن کو ڈاسن نے میدان بدر کیا۔وہاب ریاض نے رمیز راجہ جونیئر کو 9 کے انفرادی سکور پر پویلین بھیجا تو سکور 4 وکٹ 84رنز تھا۔کپتان سرفراز احمد اور ریلی روسو نے اننگز کو سنبھالا اور مزید کوئی وکٹ گرے بغیر فتح سے ہمکنار کردیا ۔ ریلی روسو30جبکہ سرفراز احمد45رنز پر ناقابل شکست رہے ۔ سرفرازا حمد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

مزیدخبریں