راولپنڈی (نیوزرپورٹر) سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود کی ہدایت پرمحکمہ زراعت کے زیر اہتمام جڑی بوٹیوں کی موثر تلفی کی اہمیت کے پیش نظر 12 تا 17 مارچ " جڑی بوٹی مکائو۔پیداوار بڑھائو" مہم منائی جائے گی۔مہم میں محکمہ زراعت پنجاب کا تمام عملہ اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہوں گے۔اس مہم کے تحت گائوں کی سطح پر کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔ محکمہ زراعت کے ترجمان کے مطابق جڑی بوٹیاں پیداوار میں کمی کا باعث بننے کے علاوہ کاشتکار کے پیداواری اخراجات میں بھی اضافہ کرتی ہیں اور غذائی اجزاء پانی ،روشنی کے حصول میں فصل کے پودوں سے مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ ضرر رساںکیڑے مکوڑوں کی پناہ گاہ کا کام سر انجام دیتی ہیں۔ بعض جڑی بوٹیاں انسان ،جانور،آبی حیات کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیںاور زہریلے کیمیائی مرکبات کا اخراج کرتی ہیں۔اسی لئے محکمہ زراعت پنجاب جڑی بوٹی مکائو مہم کے دوران سکولوں،کالجوں،دفاتر،سرکاری و نجی مقامات پر عوام کو آگاہی فراہم کرے گا۔اس کے علاوہ ہر تحصیل اور ضلع کی سطح پر آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ترجمان نے امید ظاہر کی کہ عوام اس مہم میں محکمہ زراعت پنجاب کے شانہ بشانہ شریک ہوں گے اور اس مہم کو کامیاب بنائیں گے۔اس مہم کے دوران باغات،فصلات اور اردگرد کے ماحول کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھا جائے گا جس سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور کاشتکار کی آمدن بڑھنے سے ملکی معیشت مستحکم ہو گی۔