پاکستان سعودی عرب سٹریجٹک پارٹنر ہیں ، شہباز شریف : پنجاب تیزی سے ترقی کررہا ہے ،امام کعبہ

Mar 11, 2018

لاہور+ گوجرانوالہ (خبرنگار+ نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ شہباز شریف سے امام کعبہ ڈاکٹر الشیخ صالح بن محمد آل طالب نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امام کعبہ نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب میں بے مثال ترقیاتی کاموں پر وزیراعلیٰ شہباز شریف کی غیرمعمولی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں گزشتہ برس بھی لاہور آیا تھا اور اس شہر کو ترقی کرتے ہوئے پایا تھا، اب یہاں آیا ہوں تو لاہور کو مزید بہتر پایا ہے۔ آپ کی قیادت میں ترقی کاسفر تیزی سے طے کیا گیا ہے۔ یہاں آمد کے بعد مختلف لوگوں نے مجھے صوبے کے عوام کی فلاح وبہبود اورترقی کیلئے شہباز شریف کی انتھک محنت اور کاوشوں کی بابت بتایا ہے۔ پاکستان آمد میرے لئے باعث مسرت ہے۔ امام کعبہ نے پاک سعودیہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی شراکت داری اور تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب میں رشتہ محبت اور دین کا ہے جو سب رشتوں سے بڑھ کر ہے۔ پاکستانی حکومت، عوام او رپاک افواج کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کے تاریخی تعلقات کو امت اسلامیہ بخوبی جانتی ہے۔ جب بھی کسی پر مشکل آئی تو دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کا مکمل ساتھ دیا ہے اور مشکلات میں معاملات کوحل کیا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کا مضبوط ہونا پوری امت مسلمہ کا مضبوط ہونا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان اورلاہور آمد پرا مام کعبہ کا گرمجوشی سے خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی پاکستان آمد باعث خیروبرکت ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب میں تعلقات کی تاریخ صدیو ںپر محیط ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب سٹرٹیجک پارٹنر ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات دنیاوی مفادات سے بالاتر ہیں اور امن ہی ہمارا مشترکہ اثاثہ ہے۔ امام کعبہ کی پاکستان کی سرزمین پر مبارک آمد کے باعث پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور دونوں ملکوں کی حکومتوں اورعوام میں مزید قربتیں آئیں گی اورآپ کے دورے سے ان تعلقات میں مزید بہتری آئے گا۔ پاکستان اورسعودی عرب کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہماری خوشیاں اور غم سانجھے ہیں۔ سعودی عرب کے شاہی خاندان نے پاکستان کی ہمیشہ بھر پور مدد کی ہے اورسعودی عرب مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کیساتھ کھڑا رہا ہے۔ پاکستان کے عوام سعودی عرب سے دلی عقیدت رکھتے ہیں اور دونوں ملکو ںکے تعلقات دنیاوی ضروریات سے بالاتر ہیں۔ وزیراعلی شہباز شریف آج 11 مارچ کو دوپہر دو بجے جناح سٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کر یں گے‘ وزیراعلی کے جلسہ کیلئے انتظامات آخری مراحل میں داخل ہو گئے۔ وزیراعلی کے روٹس پر خیر مقدمی بینرز آویزاں کر دیئے گئے۔

مزیدخبریں