ماسکو (اے پی پی) روس کی گولڈن گرل ماریا شراپووا نے اپنے کوچ سوین گرونویلڈ کو عہدے سے فارغ کر دیا۔ شراپووا نے 2014ء میں گرونویلڈ کی خدمات حاصل کی تھیں اور اسی سال انہوں نے فرنچ اوپن ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ 15 ماہ ڈوپنگ پابندی کے بعد شراپووا نے گزشتہ سال اپریل میں ٹینس کورٹس میں واپسی کی تھی تاہم انہیں مشکلات کا سامنا ہے اور وہ رواں برس بھی اب تک صرف پانچ فتوحات حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ امریکہ میں جاری انڈین ویلز ٹینس میں انہیں پہلے رائونڈ میں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جس کی وجہ سے انہوں نے کوچ کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا۔ 30سالہ شراپووا نے اپنے بیان میں کہا کہ گرونویلڈ تجربہ کار کوچ ہیں، انہوں نے چیلنجنگ اور مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا جس پر ان کی مشکور ہوں اور میں ان کے کامیاب مستقبل کی خواہشمند ہوں۔