اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ خورشید شاہ بلاول کے ساتھ ملکر نواز شریف کو علاج کا مشورہ دیں اورخورشید شاہ نواز شریف کو سمجھائیں کہ بیماری پر سیاست نہیں کیا کرتے حکومت برطانیہ سے معالج منگوانے کی بھی پیشکش کرچکی ہے سیاست میں بدمعاشی اور بدقماشی متعارف کروانے کا سہرا پیپلز پارٹی کے سر جاتا ہے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان میں عمرسرفراز چیمہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے صدر مملکت اور وزرائے اعظم جیسے مناصب آلودہ کئے سندھ میں پیپلز پارٹی کے وزیراعلیٰ، سپیکر اور کابینہ اراکین کی بڑی تعداد کرپشن میں ملوث اور نیب کو مطلوب ہے قومی خزانہ لوٹنے اور عوام کو غربت اور جہالت کے شکنجوں میں جکڑنے سے بڑی کوئی بے شرمی نہیں انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ کی جماعت نے پارلیمنٹ کی ساکھ کو بٹہ لگانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیاقومی سطح کے چوروں کو عام معافی دلوانے کیلئے بدنام زمانہ این آر او پیپلز پارٹی کی سیاہ کاریوں میں سے ایک ہے خورشید شاہ کو جتنی بھی تکلیف ہو کرپشن کا پیچھا کرنا ترک نہیں کریں گے سیاست کی آڑ میں راہزنی کرنے والوں کا محاسبہ کرکے ہی دم لیں گے۔