کراچی (سپورٹس ڈیسک )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 28ویں میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رنز سے شکست دے دی۔کراچی کنگز اس فتح کے ساتھ پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا، لاہور قلندرز کی ٹیم پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔کراچی کی جانب سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور کولن منرو نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو 69 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔کنگز کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کولن منرو تھے جو 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لونگ اسٹون 5 اور کولن انگرام 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بین ڈنک بھی 18 رنز بنا سکے۔بابراعظم اعظم نے 56 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جب کہ آخری اووز میں افتخار احمد نے بھی 44 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز کا ٹوٹل اسکو بورڈ پر سجایا۔کوئٹہ کی جانب سے محمد حسنین نے وکٹیں حاصل کیں جب کہ سہیل تنویر، فواد احمد اور محمد نواز کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔کوئٹہ کی جانب سے اننگز کا آغاز شین واٹسن اور احمد شہزاد نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو 68 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔شین واٹسن 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ رلی روسو بھی صرف 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عمر اکمل نے بھی 27 رنز کی اننگز کھیلی۔آخری اوور میں کوئٹہ کو جیت کے لیے 5 رنز درکار تھے اور اس کی 6 وکٹیں باقی تھیں لیکن عثمان شنواری نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ان فارم احمد شہزاد کو 99 رنز پر آؤٹ کیا اور پھر اگلی ہی گیند پر انور علی بھی کیچ آؤٹ ہو گئے۔دو گیندوں پر تین رنز درکار تھے لیکن کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد بھی عثمان شنواری کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔آخری گیند پر کوئٹہ کو جیت کے لیے تین اور برابر کے لیے دو رن درکار تھے لیکن سہیل تنویر گیند کو ہٹ نہ کر سکے اور صرف ایک ہی رن بن سکا۔اس طرح کراچی کنگز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے جیتی ہوئی بازی چھین کر پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی چوتھی ٹیم بن گئی۔عمر خان نے 4 اوورز میں 26 رنز دیکر 3 جب کہ عثمان شنواری نے 43 رنز دیکر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والا یہ میچ پاکستان میں راوں برس پی ایس ایل کا دوسرا جبکہ کراچی کنگز کا اپنے ہوم گراؤنڈ پر پہلا میچ ہے۔کراچی کنگز کے لیے یہ میچ بہت اہمیت کا حامل ہے جہاں اسے پلے آف مرحلے کے لیے ایک فتح ہی درکار ہے، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنی جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے کوشاں ہے۔اس میچ کے لیے کراچی کنگز نے 2 تبدیلیاں کرتے ہوئے محمد رضوان اور ایرون سمرز کی جگہ بین ڈنک اور سہیل خان کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔اسی طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے ایک تبدیلی کرتے ہوئے پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے اعظم خان کی جگہ آل راؤنڈر انور علی کو ٹیم میں شامل کرلیا۔ٹاس کے موقع پر کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کی وکٹ اچھی اور گراؤنڈ چھوٹا ہے، تاہم یہاں بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ کراچی کنگز کو کم سے کم اسکور پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے کیونکہ کراچی کی وکٹ پر ہدف کا تعاقب آسان ہوتا ہے۔