راولپنڈی (نیوز ڈیسک)دربار عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالمِ اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ ربِ رحمان قرآنِ کریم میں ارشاد فر ما رہا ہے کہ میرے پیارے حبیب ؐکی ایسی اتباع اختیار کرو جیسی اتباع آپؐ کے غلام صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعٰین نے اختیار کی جن کے نزدیک مرکزِ ایمان حضور نبی کریمؐ کی ذاتِ با برکات ہے۔ خواہ تبدیلِ قبلہ ہو یا صلح حدیبیہ کا واقعہ ہو صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعٰین کے پیشِ نظر ہمیشہ حضور نبی کریم ؐ رہے اور نماز جوکہ اللہ تعالیٰ کی عبادت ہے اس حالت میں بھی مکمل طور پر آپؐ کی اتباع کو اختیار کیا اور امت کو یہ درس دیا کہ دین و دنیا میں کامیابی و کامرانی حاصل کرنے کے لئے واحد راستہ اتباع و غلامیِ مصطفیٰ ؐ ہے ۔ آج جب کہ ہمارے پیارے وطنِ عزیز کو دشمن نے للکارا تو اس موقع پر بھی اسی عشق و محبتِ مصطفیؐ نے پوری قوم کو ایک کر دیا اور ہماری بہادر افواج کے شانہ بشانہ پوری قوم کھڑی ہے اور ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے مقام پر منعقدہ ایک عظیم الشان محفلِ میلاد مصطفیؐ سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل کا اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمدحسان حسیب الرحمن کی وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا پر ہوا۔