لاہور (سپورٹس رپورٹر)چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے آئی سی سی سے فوجی ٹوپیاں پہن کر میچ کھیلنے والی بھارتی ٹیم کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ بھارت کے معاملہ پر آئی سی سی سے بات کی ہے۔ بی سی سی آئی کی حرکات پر آئی سی سی کو ایک خط لکھا، اور دوسرا لکھ رہے ہیں۔ آئی سی سی کو ہماری پوزیشن معلوم ہے، آئی سی سی سے بھارت کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ بھارت نے 2 بار کرکٹ کو سیاست کا شکار بنایا جس سے اس کی پوزیشن خراب ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں عمران طاہر اور معین علی کے خلاف بھی کارروائی کی گئی لہذا بھارت کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔پاکستان میں کرکٹ کی بحالی سے متعلق سوال پر احسان مانی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں سکیورٹی ماہرین کو بلانے کا مقصد یہاں کی سکیورٹی پر بریف کرنا ہے۔ اب تک ہر طرف سے مثبت جواب ملا ہے۔