لاہور(نمائندہ سپورٹس) لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عاطف رانا کا کہنا ہے کہ ٹاپ کرکٹرز کی اہم میچز کے لیے عدم دستیابی، فٹنس مسائل کی وجہ سے کارکردگی متاثر ہوئی ہے۔محمد حفیظ، شاہین شاہ آفریدی، اے بی ڈیویلیئرز سمیت دیگر اہم پلیئرز کی انجریز سے کامبی نیشن خراب ہوا یہی وجہ ہے کہ قلندرز صلاحیتوں کے مطابق پرفارم نہیں کر سکے۔ میچز جیتنا سب سے اہم ہوتا ہے اور ہمیں اس سال پوائنٹس ٹیبل پر اچھے نمبر پر آنا چاہیے تھا تاہم مختلف مسائل کی وجہ سے زیادہ کامیابیاں حاصل نہیں کر سکے۔ لاہور سے میچز منتقل کرنے کا فیصلہ بھی متفقہ ہے۔ سب سے پہلے پاکستان ہے۔ ملک ہے تو ہم ہیں، پاکستان محفوظ ہو گا تو کرکٹ ہو گی۔ملک کی حفاظت سے زیادہ اہم کچھ نہیں ہے۔ ہم لاہور کے کراؤڈ میں کھیلنا چاہتے تھے لیکن دفاع وطن کے لیے یہ قربانی بھی خوش دلی سے دیں گے۔ پلیئرز ڈیویلپمنٹ پروگرام کے نتائج ہر سال سامنے آتے ہیں شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، سیف بدر، سلمان ارشاد اور دیگر کرکٹرز پہلے سے پی ایس ایل میں نام بنا چکے ہیں اس مرتبہ تیز گیند باز حارث رؤف نے اپنی موجودگی کا احساس دلایا ہے۔رواں برس بھی پلیئرز ڈیویلپمنٹ پروگرام جاری رہے گا اس مرتبہ اس کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے شہروں کی تعداد کو بڑھائیں گے۔