لاہور (سپورٹس رپورٹر )پاکستان سپر لیگ 4 کے پلے آف مرحلے میں کوالیفائی کرنے والی ٹیمیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشار زلمی کے غیر ملکی کھلاڑی کراچی پہنچ گئے ہیں۔جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم انتظامیہ نے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کا بلوچی پگ پہنا کر شاندار استقبال کیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیم کے غیر ملکی کھلاڑیوں میں سپر سٹار شین واٹسن سمیت ڈی جے براوو، رائیلی روسو، ڈیوائن سمتھ، ہیری گرنی اور مینٹور سر ویوین رچرڈز بھی شامل ہیں۔پشاور زلمی کا سکواڈ بھی ڈیرن سیمی کی قیادت میں گزشتہ صبح کراچی پہنچ گیا ہے۔دبئی سے کراچی پہنچنے پر چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پی ایس ایل کے آٹھ میچ کرانا تاریخی موقع ہے، یہ انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی میں بڑا قدم ثابت ہوں گے اور وہ دن دور نہیں جب پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے۔انہوں نے پی ایس ایل کے شاندار انتظامات اور سیکیورٹی پر پی سی بی، وفاقی و صوبائی حکومت اور سکیورٹی اداروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان آنے والے تمام فرنچائزز کے غیر ملکی کھلاڑیوں کو مہمان اور ہیرو ہیں۔