عدیس ابابا (نوائے وقت نیوز +انٹرنیشنل ڈیسک+ آن لائن) ایتھوپین ایئرلائنز کا مسافر طیارہ عدیس ابابا سے کینیا کے دارالحکومت نیروبی جاتے ہوئے حادثے کے باعث گر کر تباہ ہو گیا جس سے 157 افراد ہلاک ہو گئے۔ الجزیزہ کی رپورٹ کے مطابق ایتھوپیا کے وزیراعظم ایبی احمد کے دفتر سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیاعوام اور حکومت کی جانب سے وزیراعظم ہائوس‘ ایتھوپین ایئرلائنز کے بوئنگ 737 طیارے کے گر کر تباہ ہونے کے واقعہ پر اس میں سوار افراد کے اہل خانہ سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ 149 مسافر اور عملے کے 8 ،3 بھارتی سوار تھے۔ طیارے کو حادثہ اڑنے کے 6 منٹ بعد پیش آیا۔ ترجمان نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر بتایا کہ حادثہ صبح 8 بجکر 44 منٹ پر پیش آیا‘ خیال رہے کہ حادثے کی وجوہات فوری طورپر سامنے نہیں آسکیں۔ فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ایئرلائنز نے ایک جاری بیان میں کہا کہ فلائٹ نمبر ای ٹی 302 میں 149 مسافر سوار تھے۔ حادثے کے فوری بعد سرچ اور ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا گیا۔واقعے کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔حادثے کی اطلاع سب سے پہلے وزیراعظم ایبی احمد نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ سے دی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ان لوگوں سے اظہار ہمدردی جنہوں نے اس حادثے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ یہ ایئر لائن براعظم افریقہ میں کافی مقبول ہے۔ مرنے والوں میں 11 افریقی اور 13 یورپی ممالک کے شہری شامل ہیں۔ کینیا کے 32، کینیڈین 18، ایتھوپیا ایک، اٹلی، چین اور امریکہ کے 8، 8 شہری مارے گئے۔ 4 افراد کے پاس اقوام متحدہ کے پاسپورٹ تھے۔ کینیا کے صدر نے بھی افسوس کا انظہار کیا۔ ایتھوپین اور امریکی ماہرین انکوائری کریں گے۔