ہٹیاں بالا+ تتہ پانی+ چناری (اپنے نمائندوں سے) بھارتی فوج کی چکوٹھی، پانڈو، درہ شیرخان اور کھلانہ سیکٹر کی سول آبادی پر بلاشتعال گولہ باریسے خاتون سمیت 2افراد شہید، خاتون سمیت چار افراد زخمی ہوگئے، متعدد مکانات، ایک گاڑی، ایک ایمبولینس جزوی طور پر تباہ ہو گئے۔ سرحدی علاقوں کے لوگ نقل مکانی کر کے محفوظ مقامات پر منتقل ہو نا شروع ہو گئے۔ مقبوضہ کشمیر جانے کے لیے ٹریڈ سینٹر چکوٹھی میں کھڑے درجنوں ٹرک بھی محفوظ مقامات کی طرف روانہ ہو گئے۔ چکوٹھی بازار بند کر دیا گیا۔ علاقہ میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے اتوار کے روز دو بجے کے قریب چکوٹھی، پانڈو اور کھلانہ سیکٹروں کی سول آبادی پر بلا اشتعال گولہ باری کی۔ بھارتی گولہ باری سے خاتون نوشاد بی بی اور ایک بزرگ شہری غلام محمد ولد محمد شیر ساکن میرا بکوٹ شہید ہوگئے۔ جبکہ راجہ محمد محمود ولد راجہ یونس ساکن سراں، زاہدہ بی بی دختر توفیق عباسی ساکنہ بڑی بہک کھلانہ، چناری کا دکاندار عبدالوہاب اور ایک نا معلوم بچہ زخمی ہو گئے۔ بھارتی گولہ باری سے میرا بکوٹ گائوں میں دو حقیقی بھائیوں یوسف عباسی، اکبر عباسی ولد نعمت اللہ عباسی کے گھروں سمیت متعدد رہائشی مکانات اور ایک ڈاٹسن گاڑی، ایمبولینس کے جزوی طور پر تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پاک فوج کی جانب سے بھارتی فوج کی گولہ باری کا موثر جواب دیا جا رہا ہے۔ آخری اطلاعات کے موصول ہونے تک بھارتی فوج کی جانب سے سول آبادی پر گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔