فروغ تعلیم میں نجی تعلیمی اداروں کا کلیدی کردارہے:رانا تنویر حسین

Mar 11, 2019

فیروزوالہ (نامہ نگار)مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما رانا تنویر حسین نے کہا کہ نوجوان نسل کو اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ کیے بغیر ملکی ترقی و خوشحالی کے خواب کو شرمندہ تعبیر نہیں کیا جا سکتا ، موجود ہ دور سائنسی اور ٹیکنالوجی کا دور ہے ان شعبوں میں آگے بڑھنے کے لیے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو معیار تعلیم پر توجہ دینی ہو گی، نجی تعلیمی ادارے معاشرے میں تعلیم کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو نا ہر بچے کا بنیادی حق ہے ، ان خیالات کا اظہار نجی سکول کی سالانہ تقریب تقسیم انعاما ت سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔اس موقع پر ارکان اسمبلی پیر محمد اشرف رسول ، میاں عبدالرئوف ، ضلعی مسلم لیگی رہنما محمو داختر گورائیہ ، میا ں محمداسحاق ،ایم سی چیئر مین مہر الیاس سیال کے علاوہ دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ رکن قومی اسمبلی اور سابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے اپنے دور حکومت میں تعلیمی میدا ن میں انقلابی اقدامات کیے میاں شہباز شریف کی تعلیم دوست پالیسیوں کی بدولت پنجاب میں علم کو فروغ ملا اور طلباء و طلبات کو علم کے حصول کے لیے نیا جذبہ ملا ، موجود حکومت تعلیمی میدا ن کی ترقی و بہتری کے لیے کو ئی اقدامات نہ کر سکی ، سات ماہ گزرنے کے باوجود ملک میں غیر یقینی صورتحال ہے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت گرانا نہیں چاہتے مگر سلیکٹڈ وزیر اعظم رہنا نہیں چاہتے ، ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے ، مگر حکومتی پالیسوں کی وجہ سے ایسا ممکن نظر آرہا ،حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے انہیں تکلیف دی ہے مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔

مزیدخبریں