بیجنگ(شِنہوا+نوائے وقت رپورٹ)چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چین افغانستان کے موجودہ صدر محمد اشرف غنی کو دوسری صدارتی مدت کے آغازپر مبارکباد دیتا ہے۔ترجمان گینگ شوانگ نے منگل کوپریس بریفنگ میں کہاکہ چین افغان عوام کے ملکی مستقبل کے اس آزادانہ فیصلے کااحترام کرتا ہے،ترجمان نے افغانستان کی تمام جماعتوں سے اپنے ملک اور عوام کے مفادات کو ترجیح دینے،اتفاق رائے پیدا کرنے اور پرامن تعمیر نواورمصالحت کے عمل میں آسانی پیدا کرنے کا مطالبہ کیا۔ایسے موقع پر جب امریکہ اور طالبان میں معاہدہ ہوچکا ہے اور بین الافغان بات چیت جلد شروع ہونے والی ہے ترجمان نے افغانستان میں صورتحال کو انتہائی اہم مرحلہ میں قرار دیتے کہا کہ مستقبل کے شدید چیلنجز کے باوجود افغان عوام کے پاس چار عشروں پر محیط جنگ کو ختم کرنے کا ایک نادر موقع ہے۔گینگ نے کہا کہ چین کو امید ہے کہ بین الاقوامی برادری افغان عوام کی خواہشات کا احترام کرے گی ،بین الافغان مصالحتی عمل کی حمایت اور جلد امن کے قیام میں ملک کی مدد جاری رکھے گی۔ترجمان نے کہا کہ ہم افغانستان میں موجود غیر ملکی افواج کے منظم اور ذمہ دارانہ انخلاکا بھی مطالبہ کرتے ہیں تاکہ ہموار منتقلی کو یقینی بناتے ہوئے دہشت گردگروہوں کوافراتفری کے اس ماحول سے فائدہ اٹھانے سے روکا جاسکے۔
چین کی افغان صدر اشرف غنی کودوسری بار عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد
Mar 11, 2020