تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام، نہم کے سالانہ امتحانات آج شروع ہو ں گے

Mar 11, 2020

فیصل آباد (اے پی پی):اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے زیر اہتمام میٹرک پارٹ ون/ کلاس نہم کے سالانہ امتحانات آج 11مارچ بروزبدھ سے شروع ہو ں گے جس میں شرکت کرنے والے فیصل آباد ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ کے ایک لاکھ 85ہزار 382طلباء و طالبات کیلئے کل 535امتحانی مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں اور تمام امتحانی سنٹرز پر دفعہ 144نافذ کر دی گئی ہے جس کے تحت طلباء و طالبات کے موبائل فون یا دیگر امدادی مواد امتحانی مراکز میں لے جانے پر پابندی ہو گی۔


اسی طرح امتحانی عملہ بھی پیپرز کے اوقات کے دوران موبائل فون استعمال نہیں کر سکے گا نیزبوٹی مافیا کی بیخ کنی کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو وقفے وقفے سے امتحانی مراکز کے دورے کریں گی تاکہ بوٹی مافیا کو امتحانی عمل میں مداخلت کا موقع نہ مل سکے۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کی کنٹرولر امتحانات پروفیسر مسز شہناز علوی نے منگل کے روز اے پی پی سے بات چیت کے دوران بتایاکہ آج شروع ہونے والے امتحانات میں سائنس گروپ کے ریگولر 74718طلباء اور سائنس گروپ کے پرائیویٹ 8081طلباء سمیت کل 82779اور آرٹس گروپ کے ریگولر 11525 طلباء ، پرائیویٹ آرٹس گروپ کے 4610سمیت کل 16135طلباء امتحان میں حصہ لیں گے۔انہوںنے بتایاکہ سائنس گروپ کی ریگولر 54599طالبات ، سائنس گروپ کی پرائیویٹ 5108طالبات سمیت کل 59707طالبات اسی طرح آرٹس گروپ کی ریگولر 22069 اور آرٹس پرائیویٹ گروپ کی 4692 طالبات سمیت کل 26761طالبات بھی امتحانی عمل میں شریک ہوں گی۔

مزیدخبریں