لاہور(نیوز رپورٹر) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ہم سب کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر کرونا وائرس کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فروری سے سردار عثمان بزدار کی قیادت میں عوام میں کرونا سے بچاو¿ کے حوالے سے آگاہی مہم چلا رہی ہے اور محکمہ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی سربراہی میں ہمہ وقت اس وبا سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے محکمہ اطلاعات کی جانب سے کرونا وائرس سے بچاو¿ کے حوالے سے آگاہی مہم کی تفصیلات سے متعلق ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ محکمہ صحت کی جانب سے ساڑھے تین کروڑ افراد پر مشتمل 72 لاکھ خاندانوں میں صحت انصاف کارڈز تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ ان میں سے 70 فیصد خاندانوں میں کارڈز تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری انفارمیشن راجہ جہانگیر انور صاحب نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو ملٹی میڈیا پریزنٹیشن دیتے ہوئے بتایا کہ کرونا وائرس کے پھیلاو¿ اور اس سے بچاو¿ کے حوالے سے محکمہ اطلاعات نے ایک خصوصی مانیٹرنگ سیل تشکیل دیا ہے۔ مزید برآں اس وقت ایک سو سے زائد سینما گھروں میں خصوصی ویڈیو پیغامات نشر کیے جا رہے ہیں۔ تمام پبلک مقامات اداروں میں آگاہی بینرز اور سٹیمرز لگائے گئے ہیں۔