کراچی ) کامرس ڈیسک)صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات و پارلیماُنی امور مکیش کمار چاؤلہ کی زیر صدارت جائیداد ٹیکس سے متعلق ایک اجلاس ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبد الحلیم شیخ، ڈائریکٹر جنرل شعیب احمد صدیقی ، ڈائریکٹر ٹیکسز اور دیگر افسران نے بھی شریک کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات شعیب احمد صدیقی نے بتایا کہ ماہ فروری تک کراچی سے 1637.556 ملین روپے، حیدرآباد سے 66.707 ملین روپے اور سکھر سے 31.678 ملین روپے جائیداد ٹیکس کی مد میں وصول کئے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لاڑکانہ سے 19.350 ملین روپے، شہید بینظیر آباد سے 8.653 ملین روپے اور میرپور خاص سے 9.060 ملین روپے وصول کئے گئے۔ ڈائریکٹر جنرل شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ رواں مالی سال میں اب تک جائیداد ٹیکس کی مد میں 1771.004 ملین روپے وصول کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں اسی مدت کے دوران جائیداد ٹیکس کی مد میں 1671.042 ملین روپے وصول کئے گئے تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور نے کہا کہ جائیداد ٹیکس کے اہداف حاصل کرنے کے لئے افسران کو خصوصی محنت کرنا ہوگی اور جائیداد ٹیکس کی وصولی کے لئے خصوصی مہم شروع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو افسران اپنے ٹیکس اہداف کو حاصل کرنے میں دلچسپی نہیں دکھا رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
جائیداد ٹیکس کی وصولی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں، مکیش کمار چاؤلہ
Mar 11, 2020