اسلام آباد ہائی کورٹ ،فیصل واوڈا نااہلی کیس 18مارچ کوسماعت کیلئے مقرر

Mar 11, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نااہلی کیس سماعت کے لئے مقرر کر دیا ہے ۔رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے کاز لسٹ جاری کر دی جس کے مطابق جسٹس عامر فاروق 18 مارچ کو فیصل واوڈا کی نااہلی کے لئے دائر درخواست پر سماعت کریں گے ۔ عدالت نے فیصل واوڈا، کابینہ ڈویثرن، سیکرٹری قانون اور الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر رکھا ہے جبکہ فیصل واوڈا کو بطور وفاقی وزیر فوری کام سے روکنے کی درخواست پر بھی نوٹس جاری کر رکھا ہے ۔ 24 فروری کو بنچ کی عدم دستیابی پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی تھی ۔ فیصل واوڈا پر کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپانے کا الزام ہے ۔ شہری میاں فیصل کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ فیصل واوڈا کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت دوہری شہریت رکھتے تھے، فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن میں دوہری شہریت چھوڑنے سے متعلق غلط بیانی کی ۔الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کی نااہلی کی درخواست پر وفاقی وزیر کے وکیل کو آئندہ سماعت پر مکمل جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ منگل کو الیکشن کمیشن میں ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی نااہلی سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی۔فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے ن لیگ، پیپلزپارٹی اور امن ترقی پارٹی نے درخواستیں دائر کررکھی ہیں۔الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر کی نااہلی کے لیے ن لیگ اور پی پی کی الگ الگ سماعت کی درخواستیں مسترد کردیں۔ممبر الیکشن کمیشن پنجاب الطاف ابراہیم نے کہا کہ ایک کیس پر الگ سماعتیں کیسے کرسکتے ہیں؟ نااہلی سے متعلق تمام درخواستوں کو یکجا کرکے سنیں گے۔دورانِ سماعت الطاف ابراہیم نے فیصل واوڈا کے وکیل کو ہدایت کی کہ اپنے موکل کی جانب سے جواب جمع کرائیں، آپ نے پہلے بھی وقت مانگا تھا،اس پر فیصل واوڈا کے وکیل نے کہا کہ درخواستوں کی مکمل دستاویزات فراہم نہیں گئیں۔الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کے وکیل کو آئندہ سماعت پر مکمل جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 24 مارچ تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں