گلگت: گلگت میں کرنل مجیب الرحمان شہید کی نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان، عزیز واقارب کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔
فورس کمانڈر شمالی علاقہ جات میجر جنرل احسان محمود خان نے نمازِ جنازہ پڑھائی۔ سابق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل (ر) ہدایت الرحمٰن نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد کرنل مجیب شہید کا جسد خاکی تدفین کے لئے آبائی گاؤں بونجی روانہ کردیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹانک میں امن دشمنوں کے خفیہ ٹھکانوں پر آپریشن کے دوران کرنل مجیب الرحمان شہید ہو گئے تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ٹانک میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر آپریشن کیا۔ گھیراؤ میں آنے پردہشتگردوں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کرنل مجیب الرحمان شہید ہوگئے۔
سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، مارے جانے والے دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود اور مواصلاتی آلات قبضے میں لے لیے گئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 46 سالہ شہید کرنل مجیب الرحمان کا تعلق استور کے علاقے بونجی سے تھا۔ انہوں نے سوگوران میں ایک بیوہ، 3 بیٹے اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔
وزیرِاعظم نے ٹانک میں دہشتگردوں کیخلاف کامیاب کارروائی پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے شہید کرنل مجیب الرحمان کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔
عمران خان کا کہنا تھا پوری قوم افواج پاکستان اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کی معترف ہے، سیکیورٹی فورسز کی بے مثال قربانیوں کے باعث دہشتگردی کا خاتمہ ہوا، سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت ہی امن کی شمع روشن ہوئی ہے۔