اسلام آباد: مری: بدھ کے روز مری ،گلیات میں برفانی تودہ گرنے سےتین گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق گلیات توحید آباد کنڈلہ کے قریب برفانی تودہ گرنے سے گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں ۔جس کے نتیجے میں 30 افراد ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں ایک خاتون جاں بحق ہوگئیں جبکہ 27 افراد کو بچا لیا گیا ہے ۔ دو لاپتہ افراد کی تلاش تاحال جاری ہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد مقامی رضاکار اور پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور ملبے سے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا ۔ہسپتال ذرائع کے مطابق اس واقعے میں مجموعی طور پر 25 افراد زخمی ہوئے ہیں،جن میں سے پانچ کی حالت تشویشناک ہے۔
اس سے قبل منگل کے روزمحکمہ موسمیات نے خبردار کیا تھا کہ بدھ سے جمعہ تک شدید بارش سے خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان ، گلگت بلتستان اور کشمیر کےعلاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور طوفانی بارش کی بدترین صورت حال پیدا ہوسکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد کے ایک پہاڑی علاقہ میں تودہ گرنے سے 5 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے ہیں۔مقامی میڈیا کے مطابق زخمی افراد کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ تودہ گرنے کے واقعہ میں کئی گاڑیاں متاثر ہوئیں جبکہ درجنوں تاحال لاپتہ ہیں۔ جس کے بعد ضلع کی سیرگاہ نتھیا گلی میں بھی لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔رپورٹس کے مطابق برف کے تودے کے نیچے دبے ہوئے افراد کو نکالنے کیلئے امدادی کام جاری ہے۔