جنوری 2020 تک ریونیو میں 17 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ایف بی آر

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا ہے کہ جنوری 2020 تک ریونیو میں 17 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے اور پچھلے سال کے مقابلے میں 345 ارب اضافی حاصل ہوئے ہیں۔ جاری مالی سال میں جولائی سے جنوری 2020 تک ایف بی آر نے 897 ارب روپے کا انکم ٹیکس حاصل کیا جو کہ پچھلے سال کے انکم ٹیکس 759 ارب روپے کی نسبت 18 فیصد زائد ہے۔ اتوار کو ایف بی آر کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال جنوری 2020 تک 996 ارب روپے کا سیلز ٹیکس اکھٹاہوا جو کہ پچھلے سال کے سیلز ٹیکس 799 ارب کی نسبت 24 فیصد زیادہ ہے۔ رواں مالی سال جنوری 2020تک 145 ارب روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں حاصل ہوئے جو کہ پچھلے سال کے مقابلے میں 23 فیصد زیادہ ہیں۔ جنوری 2020 تک 373 ارب روپے کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں حاصل ہوئے۔ جنوری تک ایف بی آر نے 2407 ارب روپے کا ریونیو حاصل کر لیا ہے جو کہ ٹارگٹ 2509 ارب روپے سے تھوڑاکم ہے لیکن پچھلے سال کے 2062 ارب روپے کی نسبت 16.7 فیصد زیادہ ہے۔ اندرونی ٹیکسز میں بھی 28 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے اندرونی سیلز ٹیکس میں جنوری 2020 تک 41 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے۔ اندرونی ذرائع سے حاصل کردہ ریونیو 1339 ارب روپے ہے جو کہ پچھلے سال 1057 ارب روپے تھا۔ درآمد کے وقت حاصل کردہ ریونیو میں چھ فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے۔ایف بی آر نے اس سال 54 ارب روپے کے اضافی فنڈز جاری کئے ہیں۔ جنوری 2020 تک 131 ارب روپے کے فنڈز جاری کئے جا چکے ہیں جبکہ پچھلے سال 76 ارب روپے جاری کئے گئے تھے۔ 

ای پیپر دی نیشن