اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وفاقی وزیر انسداد منشیات بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ نے منشیات کے استعمال کے خاتمہ کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کی جانب سے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات پوری قوم کا مشترکہ مسئلہ ہے، اس کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ وہ بدھ کو منشیات کے خاتمہ سے متعلق آگاہی کے حوالے سے حکمت عملی وضع کرنے سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وفاقی سیکریٹری انسداد منشیات اکبر درانی، وفاقی سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد، ڈائریکٹر جنرل ریڈیو عنبرین جان، ڈائریکٹر جنرل آئی پی منظور علی میمن، ڈائریکٹر جنرل ای پی عابد سعید، پیمرا، پی این سی اے، اے پی پی، پی ٹی وی، وفاقی بورڈ، ایچ ای سی، پرائیویٹ تعلیمی اداروں، سوشل میڈیا اور ذہنی و جسمانی صحت کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوان نسل میں منشیات کا بڑھتا ہوا رجحان پریشان کن ہے، ہمیں ہر حال میں اس لعنت کا خاتمہ یقینی بنانا ہوگا۔ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ منشیات فروش اصل مجرم ہیں اور منشیات کے شکار افراد کی بحالی کے لئے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزارت انسداد منشیات اور اے این ایف کو اپنے مشن میں کامیابی کے لئے آپ سب کے تعاون کی ضرورت ہے۔