جنرل باجوہ کا دورہ بحرین فورسز کی استعداد کار بڑھانے کیلئے تعاون کی پیشکش 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ سپورٹس) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگل کو بحرین کے دورے میں کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ فیلڈ مارشل محمد بن عیسی الخلیفہ اور بحرین کے سکیورٹی ایڈوائزر ہز ہائی نیس میجر جنرل شیخ نصیر بن حماد الخلیفہ  سے’ ون آن ون‘ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے ایشوز‘ علاقائی سلامتی کی صورتحال  پر بات چیت کی گئی۔ چیف آف آرمی سٹاف  نے بحرین کی قیادت کو سکیورٹی تربیت اور فورسز کی استعداد کار بڑھانے سے متعلق تعاون کی پیشکش کی۔ بعد ازاں وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی جس میںافغان امن  عمل میں تازہ پیشرفت‘ سرحدی سلامتی اور افغان  قیادت میں امن کے عمل میں سہولت دینے کے لئے ان اقدامات پر بات چیت کی گئی جن کا اٹھایا جانا ضروری ہے۔ دریں اثناء ازبکستان نے پاکستان کے علاقائی امن اور استحکام اور خاص طور پر افغان  امن کے عمل میں مثبت کردار  کو سراہا ہے اور  دونوں  برادر ممالک  کے درمیان بہترین تعلقات کے لئے کام  جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ازبکستان کے وزیرخارجہ عبدالعزیر کاملوو  نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔ ملاقات میں  باہمی دلچسپی کے امور، مجموعی علاقائی صورتحال، افغان امن عمل اور دونوں ممالک کے  درمیان مختلف شعبوں میں  دوطرفہ  تعاون پر بات چیت کی گئی۔ چیف آف آرمی سٹاف اور ازبک وزیر خارجہ نے خطے میں امن اور سلامتی کے لئے کوششوں اور دوطرفہ تعلقات میں اضافہ کی خواہش کا اظہار کیا۔چیف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید کا کہنا ہے کہ جلد پی ایس ایل کے دوبارہ آغاز سے قوم میں خوشی کی لہر دوڑ جائے گی۔ ان خیالات کا اظہات انہوں نے پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی، کوچ ڈیرن سیمی اور مینٹور ہاشم آملہ کے ساتھ ملاقات میں کیا۔ آرمی چیف نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لئے کردار پر کرکٹرز کو سراہتے ہوئے پی ایس ایل کی کامیابی اور ترقی پر کرکٹرز کو مبارکباد دی۔ پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے ملاقات اور حوصلہ افزائی پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ غیر ملکی کرکٹرز نے پاکستان کے مختلف حصوں کے دوروں کے تجربات سے آگاہ کیا۔ غیر ملکی کرکٹرز نے پاکستان کو خوبصورت اور پرامن ملک قرار دیا۔

ای پیپر دی نیشن