لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن کا بیان ایوانوں میں بیٹھی اشرافیہ کے منہ پر طمانچہ ہے۔ سب کی ویڈیوز سامنے آ گئیں تو حکمران طبقہ پوری دنیا میں تماشا بن جائے گا۔ پاکستان کے نظریے اور جغرافیہ کو بیرونی دشمنوں سے کم آستین کے سانپوں سے زیادہ خطرہ ہے۔ قوم سے دست بستہ اپیل کرتا ہوں کہ وہ سانپوں کے منہ میں دودھ نہ ڈالے۔ معیشت استحصالی ہے۔ 85 فیصد پاکستانی گندا پانی پیتے ہیں۔ ہم ایسے بوسیدہ نظام کو کب تک لے کر چلیں گے؟ یہ کیا طریقہ ہوا کہ اسٹیبلشمنٹ کا احتساب اسٹیبلشمنٹ کرے۔ پولیس کا پولیس جبکہ غریب کو روٹی چوری کے الزام میں سالوں جیل بھگتنا پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا جماعت اسلامی کسی کے تلوے چاٹ کر اقتدار میں نہیں آنا چاہتی۔ جمہوری روایات پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں۔ چاہتے ہیں کہ زور اور زر کے ذریعے نہیں، صلاحیت کی بنیاد پر لوگ اسمبلی میں جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مٹیاری میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے حاضرین کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی اور قانون کی سر بلندی کیلئے وکلاء کی ہر تحریک کی پشتی بان ہے۔ انہوں نے مزید کہا دین و سیاست ایک ہوں گے تو پاکستان سرخرو ہوگا۔ امیر جماعت نے بعد ازاں منصورہ ہالا میں تقریب ختم بخاری سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ و اساتذہ پر زور دیا کہ وہ جماعت اسلامی کا پیغام گھر گھر، گلی گلی پہنچائیں اور ملک کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کیلئے یکسوئی کے ساتھ جدوجہد کریں۔