احمد پور شرقیہ کو ضلع بنوائوں گا اگلا الیکشن بھی پی ٹی آئی جیتے گی گرین عباسی

لاہور (نامہ نگار) تحریک انصاف کے احمد پور شرقیہ ضلع بہاولپور سے ممبر پنجاب اسمبلی نواب گزین عباسی نے کہا ہے کہ میں نے عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے پہلی میٹنگ میں گزارش کی کہ بہاولپور صوبے کا قیام اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو ہنگامی بنیادوں پر فعال کیا جائے تاکہ جنوبی پنجاب  کے لوگ اس سے زیادہ مستفید ہو سکیں اور ہمارے عوام کو لاہور کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ بہاولپور رائل فیملی‘ نواب صادق محمد خان عباسی کے خاندان سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے نواب گزین نے روزنامہ ’’نوائے وقت‘‘ سے گفتگو میں کہا کہ میں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے ہماری جائز مجبوری کو سمجھتے ہوئے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو بہاولپور میں فعال کیا اور اللہ  کا شکر ہے کہ اس وقت تمام محکمے پوری مستعدی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو رہے ہیں۔ میری  حتی الامکان کوشش ہے کہ میں احمد پور شرقیہ کو ضلع بنواؤں‘ وزیراعلیٰ نے میری گزارش مانتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب سے تفصیلی  رپورٹ طلب کر لی ہے۔ جس پر عملدرآمد جلد از جلد ہو جائے گا۔ اپنے علاقے میں میری ترجیحات میں پہلے نمبر پر تعلیم‘ صحت‘ روزگار‘ پناہ گاہوں کا قیام ہے‘ جوکہ وزیراعظم کا مدینہ کی ریاست کا بہت پیارا تصور ہے اور میں اس برس بجٹ میں ٹراما سنٹر‘ فارم سے مارکیٹ تک سڑکیں اور سینی ٹیشن کیلئے ایک ارب سے زائد لاگت سے احمد پور شرقیہ میں میگا پراجیکٹ  کی تعمیر نو شروع ہو گئی ہے اور اس سال کے آخر تک یہ پراجیکٹ انشاء اللہ مکمل ہو جائے گا۔ میری خصوصی کاوش اور وزیراعلیٰ پنجاب کی مہربانی سے ہمیں یہ اعزاز بھی  حاصل ہے کہ ہماری تحصیل احمد پو رشرقیہ صوبے کی واحد تحصیل ہے جو کہ بہاولپور ویسٹ میجمنٹ کمپنی  کے سپرد کر دی گئی ہے۔ جس کیلئے کروڑوں روپے کی مشینری و آلات خریدے جا رہے ہیں اور جلد یہ پراجیکٹ شروع ہو جائے گا۔ میں نے وزیراعلیٰ کو  گزارش کی ہے کہ تحریک انصاف کے منشور میں بے روزگاری کے خاتمے کیلئے اس سال بجٹ میں بے روزگار نوجوانوں کیلئے سرکاری محکموں میں بھرتی شروع کی جائے۔ وزیراعظم صاحب نے کسانوں کے مسائل پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے گندم کا ریٹ ساڑھے 16 سو سے 18 سو روپے فی من مقرر کیا ہے جس سے کسان بہت خوش ہے اور گنے کا ریٹ 3 سو روپے  تک شوگر ملوں سے وصول کیا اور بروقت ادائیگیاں ہو رہی ہیں۔ جن ملوں نے وقت پر ادائیگی نہیں کیں ان ملز مالکان کے خلاف تاریخ میں پہلی مرتبہ کارروائی کی گئی۔ میں انشاء اللہ اس اے ڈی پی 2021-22ء میں‘ میں اپنے حلقے کے عوام کیلئے 3 سے 4 میگا پراجیکٹس منظور کرواؤں گا۔ مجھے فخر ہے کہ میں ایک ایماندار‘ نڈر اور بے باک لیڈر کا سپاہی ہوں  اور انشاء اللہ اگلے الیکشن میں پی ٹی آئی وفاق اور صوبے میں دو تہائی اکثریت کے ساتھ دوبارہ واپس آئے گی۔

ای پیپر دی نیشن