اسلام آباد‘ راولپنڈی (نیوز رپورٹر+نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) چیف آف ایئر سٹاف ایئرمارشل مجاہد انور خان نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا دورہ کیا اور وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سربراہ پاک فضائیہ کو وزارت میں جاری منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ ائیر چیف نے فواد چوہدری کی سربراہی میں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی کارکردگی کو سراہا۔ ملاقات کے دوران ٹیکنالوجی کے شعبہ میں پاک فضائیہ اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے مابین باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سول، ملٹری انٹرفیس کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سربراہ پاک فضائیہ ایئر مارشل مجاہد انور خان نے ٹیکنالوجی کے شعبہ میں سول، ملٹری تعاون کے فروغ کے لئے پاک فضائیہ کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے زراعت کے شعبہ میں ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے بتاتے ہوئے کہا اس سے پاکستان میں زراعت کے شعبہ میں برق رفتار ترقی ممکن ہوسکے گی۔ ایئر چیف نے بھرپور تکنیکی معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے 27 فروری کو بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ دریں اثناء ائیر چیف مارشل مجاہد انور نے چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے الوداعی ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ندیم رضا نے ائیرچیف مارشل مجاہد انور کی خدمات کو سراہا۔اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے بھی الوداعی ملاقات کی۔ اسد عمر نے چیف آف ائر سٹاف کی پاکستان اور پاکستان ائر فورس کے لئے شاندار خدمات کو سراہا۔