دولت کے پجاریوں نے ملک کا بیڑا غرق کردیا:راشد نسیم 

Mar 11, 2021

لاہور(خصوصی نامہ نگار )نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہاہے کہ دولت کے پجاریوں نے ملک کا بیڑا غرق کردیا۔ قوم کی گردنوں پر دہائیوں سے سوار اشرافیہ نے اقتدار میں رہ کر صرف اپنے مال و دولت میں اضافہ کیا۔ انہیں عوام کی نہ کل فکر تھی اور نہ آج ہے۔ دولت پرستوں کے ہاتھوں میں طاقت رہی تو پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔ منصورہ میں شعبہ دعوت و تربیت کے اجلاس سے اپنے صدارتی خطاب میں راشد نسیم نے کہاکہ سینٹ الیکشن کے دوران حکومت اورحزب اختلاف کی حقیقت ایک بار مزید کھل کر قوم کے سامنے آگئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ قوم ان لوگوں کو اچھی طرح پہچان لے جو ان کی غربت اور پسماندگی کی وجہ ہیں۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی ایسے لوگوں کی جماعت ہے جو ملک سے حقیقی محبت کرتے ہیں اور اسے فلاحی مملکت بنانا چاہتے ہیں۔ جماعت اسلامی کی قیادت باصلاحیت اور اس کا دامن کرپشن سے پاک ہے۔ جماعت کے لاکھوں کارکنان بھی اسی وصف کے مالک ہیں۔ انہوںنے قوم سے اپیل کی کہ وہ ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔

مزیدخبریں